ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / جرمنی اپنے ہاں دہشت گردوں پر توجہ دے، ترک صدر ایردوآن

جرمنی اپنے ہاں دہشت گردوں پر توجہ دے، ترک صدر ایردوآن

Sat, 22 Jul 2017 20:02:48  SO Admin   S.O. News Service

انقرہ22جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نیٹو کے رکن دو اتحادی ملک ہونے کے باوجود ترکی اور جرمنی کے مابین دوبارہ پیدا ہونے والی کشیدگی مسلسل بڑھتی جا رہی ہے اور ترک صدر ایردوآن نے کہاہے کہ برلن حکومت ان دہشت گردوں پر توجہ دے، جنہیں اس نے پناہ دے رکھی ہے۔ترک دارالحکومت انقرہ اورجرمن دارالحکومت برلن سے موصولہ مختلف نیوز ایجنسیوں کی رپورٹوں میں کہاگیا ہے کہ موجودہ ترک جرمن کچھاؤ فریقین کے مابین گرماگرم بیان بازی کے باعث شدید تر ہوتا جا رہا ہے۔ترک صدرایردوآن نے استنبول میں اپنے ایک خطاب کے دوران کہاکہ جرمن وزیر خارجہ زیگمار گابریئل نے کل جمعرات کے روزجرمن کمپنیوں کی طرف سے ترکی میں سرمایہ کاری پرپڑنے والے منفی اثرات سے متعلق جو بات کہی تھی، وہ قابل مذمت ہے اوربرلن حکومت کو دراصل خوداپنی طرف دھیان دیناچاہیے۔روئٹرز نے لکھا ہے کہ صدر ایردوآن نے استنبول میں اپنے ایک خطاب میں کہاکہ جرمن وزارت خارجہ نے جرمن سیاحوں کو ترکی کے سفر سے متعلق جو تنبیہ جاری کی ہے، وہ بھی قطعی بے بنیاد ہے۔ ہونا تو یہ چاہیے کہ برلن حکومت ان دہشت گردوں پر بھی توجہ دے، جن کو اس نے اپنے ہاں پناہ دے رکھی ہے۔روئٹرز کے مطابق اس بیان سے ترک صدر کی مراد وہ متعدد سابقہ ترک فوجی اور ان کے اہل خانہ ہیں، جنہوں نے ترکی میں گزشتہ برس جولائی کی ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے جرمنی میں سیاسی پناہ کی درخواستیں دے رکھی ہیں اور جو اس وقت جرمنی ہی میں مقیم ہیں۔دوسری طرف آج جمعے کے روز جرمن میڈیا میں سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے یہ خبریں بھی شائع ہوئیں کہ ترکی اپنے ہاں مبینہ طور پر کم از کم 68 ایسے جرمن اداروں کے بارے میں چھان بین کر رہا ہے، جن پر دہشت گرد گروپوں کی حمایت کا شبہ ہے۔ اس سلسلے میں جرمن میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ان اداروں میں مرسیڈیز گاڑیاں بنانے والی کمپنی ڈائملر اور بہت بڑی کیمیکلز فرم BASF سمیت کئی بڑے جرمن نام بھی شامل ہیں۔اس بارے میں بعد ازاں ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے ان رپورٹوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جرمن کمپنی کے خلاف ترکی میں کسی دہشت گرد گروہ کی مبینہ حمایت کے سلسلے میں کوئی چھان بین نہیں کی جا رہی۔ یلدرم نے یہ بھی کہا کہ ترکی اور جرمنی کو اس شدید تر ہوتے جا رہے بحران کا حل مل کر اور بات چیت کے ذریعے نکالنا چاہیے۔آج ہی جرمنی میں داخلی سلامتی کے ذمے دار خفیہ ادارے کے سربراہ ہنس گیورگ مآسین کا یہ بیان بھی ملکی میڈیا میں شائع ہوا، جس کے مطابق ترکی نے امریکا میں مقیم ترک مسلم مبلغ فتح اللہ گولن کے مبینہ حامیوں کو شناخت کرنے کے لیے جرمن سرزمین پرجاسوسی کی کارروائیاں کیں، جن کے باعث ایک نیٹواتحادی ہونے کے باوجود ترکی خود اپنی ہی سرگرمیوں کی وجہ سے عملََاجرمنی کا مخالف ملک بن چکاہے۔دریں اثناء اسی تنازعے میں جرمن وزیر خزانہ وولفگانگ شوئبلے نے بھی آج اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ترکی میں اب قانون کی حکمرانی نہیں رہی۔ شوئبلے کے مطابق موجودہ ترکی اب سابقہ مشرقی جرمنی کی کمیونسٹ ریاست کی طرح ہو چکا ہے، جہاں لوگوں کو اندھا دھند گرفتار کیا جاتا تھا اور انہیں ان کے وکلاء تک رسائی کا موقع بھی نہیں ملتا تھا۔وولفگانگ شوئبلے نے جرمنی کے کثیرالاشاعت روزنامے بِلڈ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا، آج کے ترکی کو دیکھ کر مجھے GDR یاد آ جاتا ہے۔ وزیر خزانہ کا مطلب سابقہ کمیونسٹ مشرقی جرمن ریاست تھی، جو جرمن ڈیموکریٹک ریپبلک یا مختصرا? جی ڈی آر کہلاتی تھی۔اسی ترک جرمن کشیدگی کے بارے میں روزنامہ بِلڈ نے اپنی جمعہ اکیس جولائی کی اشاعت میں ایک سٹوری کی ہیڈلائن یہ لگائی، ترکی کا بحران:کیا اب ایردوآن چھٹیاں گزارنے والوں کو گرفتار کر رہے ہیں؟۔اس کے ردعمل میں صدر رجب طیب ایردوآن کی پارٹی برائے انصاف اور ترقی یا اے کے پی کے ایک رکن پارلیمان نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا، ایسی صحافت نہ صرف تعطیلاتی سیاحت کے لیے ترکی جانے والے جرمن باشندوں کو ڈرانے کی کوشش ہے بلکہ یوں نسل پرستانہ منافرت کو بھی ہوا دی جا رہی ہے۔


Share: